Marif-e-Islami

معارف اسلامی
علمی و تحقیقی مجلہ “معارف اسلامی” ،کلیہ عربی و علوم اسلامیہ ،علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد کا ترجمان ہے. مجلہ اعلیٰ تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی)سے “زی” کیٹیگری میں منظورشدہ ہے اور اس کا آئی ایس ایس این نمبر 1992-8556ہے۔ مجلہ کے مدیر مسئول کلیہ عربی و علوم اسلامیہ کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر علی اصغر چشتی ہیں۔ جبکہ ادارت کے فرائض پروفیسر ڈاکٹر عبدالحمید عباسی(چیئرمین شعبہ قرآن وتفسیر ) انجام دے رہے ہیں۔حصہ اردو کے مدیر ڈاکٹر حافظ محمد سجاد، حصہ انگریزی کے مدیر پروفیسر ڈاکٹر محی الدین ہاشمی اور حصہ عربی کے مدیر قاری محمد رفیق صادق ہیں۔ اس شش ماہی و سہ لسانی مجلہ میں اردو،عربی اور انگریزی زبانوں میں تحقیقی مقالات شائع ہوتے ہیں۔ معارف اسلامی جنوری 2002 سے مسلسل شائع ہو رہا ہے. مجلہ میں شائع ہونے والے مقالات کے موضوعات کا دائرہ تفسیر،علوم القرآن، علوم الحدیث، سیرت، فقہ اوراصول فقہ وغیرہ کو محیط ہے۔ نیز فلسفہ، سائنس، ادب، معاشیات، عمرانیات، سیاسیات، ثقافت و تمدن اورقانون و اصول قانون سے متعلقہ موضوعات پر اسلامی نقطہ نظرکی وضاحت پر مبنی مقالات بھی شائع ہوتے ہیں۔ علاوہ ازیں مجلہ میں علم الکلام، تصوف ، تقابل ادیان، تاریخ اسلام، تعلیم و تدریس، مسلم شخصیات اور دیگر اسلامی موضوعات پر منظر عام پر آنے والی تازہ مطبوعات پر تبصرہ بھی شائع ہوتا ہے۔ مجلہ نے اب تک عالم اسلام کی دو معروف علمی شخصیات ڈاکٹر محمدحمید اللہ اور ڈاکٹر محمود احمد غازی کی علمی ،تحقیقی اور ملی خدمات کے اعتراف میں الگ الگ ضخیم خصوصی نمبر بھی شائع کیے ہیں۔ معارف اسلامی کو حسب ذیل لنک پر اآن لائن ملاحظہ کیا جا سکتا ہے: http://www.aiou.edu.pk/Maarif_e_Islami-PastIssue.asp